کھکھہ راجپوت ٹائمز:
!کاش 22 اکتوبر 1947 کا دن کیلنڈر میں نہ ہوتا:
تحریر : راجہ شہریار طاہر کھکھہ
آج سے 73 برس قبل ، آج کا دن یعنی 22 اکتوبر
جموں کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ہماری تاریخ میں 22 اکتوبر 1947 سے آزادی تک ہر دن یوم سیاہ ہی ہے اور اس سب کا زمہ دار 22 اکتوبر 1947 کا ہی سیاہ ترین دن ہے۔
22اکتوبر 1947 کو پاکستان سپانسر قبائلی حملہ ہی ہماری ریاست کی تقسیم، غلامی ،ریاست میں ظلم ،جبر اور ان گنت معصوموں کے قتل کا زمہ دار ہے ۔
کاش !22 اکتوبر کا دن کیلنڈر میں نہ ہوتا، تو آج ہم تقسیم نہ ہوتے، ہماری ریاست غلام نہ ہوتی، ہمارے ہزاروں لوگ قتل نہ ہوتے، ہمارے ہم وطن جیلوں میں نہ مرتے،ہمارے ہم وطن جیلوں میں نہ بند ہوتے ، ہماری سینکروں مائیں بہنیں بیوہ نہ ہوتی ، ہمارے وطن کے ہزاروں بچے یتیم نہ ہوتے ، آج ہمارے وطن میں والدین اپنے بچوں کو جوان موتیں نہ دیکھتے ہوتے، آج مائیں اپنے بچوں ،بیویاں اپنے شوہروں اور بچے اپنے والدین سے مرحوم نہ ہوئے ہوتے، آج زندگی سسکیوں میں نہ گزرتی ہوتی، آج ہمارے لوگ بکے ہوئے نہ ہوتے، نہ مردہ ضمیر ہوتے نہ وطن فروش ہوتے، آج اپنے وطن میں اپنی خواہشوں اور خوابوں پر پابندی نہ ہوتی ، کسی کو کھونے کا ڈر نہ ہوتا ،ناانصافیاں ،نفرتیں، اجڑنے کی بے شمار داستانیں نہ ہوتی، کاش 22 اکتوبر 1947 کا دن کیلنڈر میں نہ ہوتا، یہ غم، یہ دکھ بھری داستانیں نہ ہوتیں، یہ بچھڑنے کی یادیں نہ ہوتیں،یہ مارا ماری کی باتیں نہ ہوتیں ، یہ خونی لکیریں نہ ہوتیں، ہزاروں مشکلات نہ ہوتیں ،سوچیں قید نہ ہوتیں، ایسی جدائیاں نہ ہوتیں ،کاش 22 اکتوبر کا دن کیلنڈر میں نہ ہوتا! غیروں کے بجائے یہاں اپنی بات ہوتی، اپنے دیش میں صرف اپنا پرچم لہراتا، غداری کے فتوے نہ ملتے،ہمارے کھانے والے ہمیں ہی نمک حرام نہ کہتے، میرے دیش کے لوگ آج رسوا نہ ہوتے اگر 22 اکتوبر کا دن کیلنڈر میں نہ ہوتا!
22 اکتوبر کو ہمیں کس سے آزادی دلانے آئے تھے اور کیسی آزادی دلائی گئی ؟؟؟؟ کیا ریاست میں بسنے والے لوگوں کے قتل کروانا آزادی کہلاتی ہے؟؟؟
اے میرے وطن کے لوگو! یہ کیسی آزادی تھی جس نے ہمارے ہم وطنوں کو ہم سے جدا کردیا ،یہ کیسی آزادی تھی کہ ہمارے وطن کو چھ ٹکڑوں میں بانٹ دیا گیا!
کاش 22 اکتوبر کا دن کیلنڈر میں نہ ہوتا ، آج ہمارے جموں کشمیر میں شعور ہوتا، امن ہوتا، انسانیت ہوتی،محبت ہوتی، بھائی چارہ ہوتا،اتحاد ہوتا، ہماری خواہشوں کی تکمیل میں بیرونی طاقتیں نہ ہوتی، ہمارے خوابوں کی تعبیر ہوتی، آزادی ہوتی!
آج ہماری ریاست جموں کشمیر و اقصائے تبت ہا چھ ٹکڑوں میں،تین ممالک کے قبضے میں ہے جسکا زمہ دار صرف اور صرف آج سے تہتر برس پہلے ہونے والا قبائلی حملہ ہی ہے!
22 اکتوبر نہ ہوتا تو 27 اکتوبر بھی ہماری تاریخ کا حصہ نہیں ہوتا۔ آج جموں کشمیر کے چپے چپے میں غیر ملکی فوج نہ ہوتی ، ہماری شناخت،ثقافت اور زبانیں خطرے میں نہ ہوتیں!
آج ہم غلام نہیں آزاد قوم ہوتے، آج ہم بکھرے ہوئے نہیں ایک قوم ہوتے، آج ہماری زمینوں پر ہمارے وسائل پر ،ہمارے دریاؤں پر ، ہمارے جموں کشمیر پر ہمارا حق و اختیار ہوتا، ہم نہ شہہ رگ اور نہ اٹوٹ انگ کہلاتے،ہمارے وطن کے لوگ غیر ملکی کہلانے کے بجائے اپنے وطن جموں کشمیر کے باشندے ہونے پر فخر کرتے کاش 22 اکتوبر 1947 کا دن کیلنڈر میں نہ ہوتا.
Comments
Post a Comment